پہلی اننگز میں ٹیم انڈیا 187 رن پر آل آوٹ – News18 اردو

جوہانسبرگ: ہندوستان کا جنوبی افریقہ کے خلاف مایوس کن کارکردگی کا سلسلہ تیسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ کے پہلے دن بھی جاری رہا اور بدھ کو پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 77 اوور میں 187 رن پر ہی ڈھیر ہو گئی۔اس کے جواب میں پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک جنوبی افریقہ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 6 رن بنالئے تھے ۔
ہندوستانی کپتان وراٹ نے سیریز میں پہلی بار ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا لیکن اس کے دونوں سلامی بلے باز 13 رن تک پویلین لوٹ گئے۔ لوکیش راہل بغیر کوئی رن بنائے فلینڈر کی گیند پر وکٹ کیپر کوینٹن ڈی کاک کو کیچ دے بیٹھے جبکہ ربادا نے مرلی وجئے کو بھی وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ ہندوستان نے صبح کے سیشن میں 45 رن پر دو وکٹ اور دوسرے سیشن میں 69 رن جوڑ کر دو بلے باز اور گنوا ئے تھے۔ ہندوستان نے دوسرے سیشن میں کپتان وراٹ کوہلی اور اس سیریز میں پہلی بار کھیلنے اترے نائب کپتان اجنکیا رہانے کے وکٹ بھی گنوائے ۔
وراٹ 146 منٹ کریز پر رہ کر 106 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے نو چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ رہانے ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ وراٹ کا وکٹ سینچورین ٹیسٹ کے ہیرو لونگی اینگیدی نے حاصل کیا ۔ رہانے کو مورن مورکل نے پویلین بھیجا۔
ہندوستان نے چائے کے وقفہ تک 114 رن پر چار وکٹ گنوائے تھے اور تیسرے سیشن میں اس نے 73 رن اور جوڑ کر اپنے آخری چھ وکٹ بھی گنوا دیئے۔ ہندوستان نے چائے کے وقفہ کے بعد 144 کے اسکور پر بلے باز چتیشور پجارا (50) کا وکٹ گنوا دیا۔ ہندوستان نے 144 کے اسکور پر ہی وکٹ کیپر پارتھیو پٹیل (2) اور ہاردک پانڈیا (0) کے وکٹ بھی گنوائے۔ پجارا نے اپنا کھاتہ کھولنے کے لئے 54 گیندوں کی مدد لی ۔ اس کے ساتھ ہی پجارا دوسرے ایسے ہندوستانی کھلاڑی بن گئے جنہوں نے ٹیسٹ میں سب سے زیادہ گیندیں کھیلنے کے بعد اپنا کھاتہ کھولا۔ پجارا سے پہلے راجیش چوہان نے 1994 میں سری لنکا کے خلاف 57 گیندیں کھیلنے کے بعدکھاتہ کھولا تھا۔
پجارا نے 173 گیندوں پر جاکر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ انہوں نے 179 گیندوں پر آٹھ چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے۔ پجارا نے اس سے پہلے دو میچوں میں 26، 4، 0، 19 رنز بنائے تھے۔ پجارا کے علاوہ وکٹ کیپر پارتھیو پٹیل نے 2، ہاردک پانڈیا نے 0، محمد سمیع نے 8، ایشانت شرما نے 0 اور جسپريت بمراه نے 0 رنز بنائے۔
ہندوستان کا نواں وکٹ 166 کے ہی اسکور پر گر چکا تھا. لیکن بھونیشور کمار نے 30 رن کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ہندوستان کو 187 کے اسکور تک پہنچا یا۔ بھونیشور نے 49 گیندوں پر 30 رن میں چار چوکے لگائے۔ كیگسو ربادا نے بھونیشور کوآندلے فیلوکوایو کے ہاتھوں کیچ کراکر ہندوستان کی پہلی اننگز 187 رنز پر سمیٹ دی۔جنوبی افریقہ کے لئے كیگسو ربادا نے 19 اوور میں 39 رن پر تین وکٹ، مورن مورکل نے 17 اوور میں 47 رن پر دو وکٹ، ورنان فلینڈر نے 19 اوور میں 31 رن پر دو وکٹ، آندلے فیلوکوایو نے سات اوور میں 25 رن پر دو وکٹ اور لونگی اینگیدی نے 15 اوور میں 27 رن پر ایک وکٹ حاصل کیا۔

Source link

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp
Telegram

Leave a Comment

Read More